واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام میں اے آئی چیٹ بوٹس کی آزمائش

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

میٹا نے پاکستان اور بھارت سمیت براعظم افریقہ کے متعدد ممالک میں اپنے پلیٹ فارمز پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹس کی آزمائش شروع کردی۔

پاکستان میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کے محدود صارفین کو اے آئی چیٹ بوٹس تک رسائی دی گئی ہے۔

میٹا نے تصدیق کی کہ پاکستان اور بھارت سمیت براعظم افریقہ کے متعدد ممالک میں اے آئی چیٹ بوٹس کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

مذکورہ فیچر کے تحت کوئی بھی صارف چیٹ جی بی ٹی کے بوٹ کی طرح اے آئی انباکس سرچ میں جو لفظ لکھے گا یا جو سوال کرے گا سسٹم اسے اے آئی کی مدد سے جواب دے گا۔

مثال کے طور پر کوئی بھی صارف سرچ بار میں صرف عید کا لفظ لکھے گا تو واٹس ایپ، فیس بک یا انسٹاگرام کا چیٹ بوٹ اسے عید سے متعلق بنیادی اور عام معلومات فراہم کرے گا۔

اسی طرح کوئی بھی صارف چیٹ بوٹ میں کسی بھی خاص موضوع پر معلومات یا مواد فراہم کرنے کا کہے گا تو میٹا کا اے آئی سسٹم اسے مذکورہ موضوع پر معلومات یا مواد فراہم کرے گا۔

میٹا کے تمام پلیٹ فارمز پر آزمائشی بنیادوں پر متعارف کرائے گئے چیٹ بوٹس چیٹ جی بی ٹی کی طرح کام کر رہے ہیں۔

مذکورہ فیچرز کی پاکستان اور بھارت سمیت افریقہ میں کامیاب آزمائش کے بعد اس کا دائرہ مزید ممالک تک پھیلایا جائے گا، اس کے بعد اسے چند ماہ کے اندر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ آزمائشی فیچرز کو صرف موبائل صارفین اور زیادہ تر اینڈرائیڈ صارفین کے لیے پیش کیا گیا ہے۔