انسٹاگرام کی جانب سے ایک بڑی تبدیلی کی جا رہی ہے جو کم فالوورز والے صارفین کی ریلز ویڈیوز کو زیادہ افراد تک پہنچانے میں مدد فراہم کرے گی۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ریلز ویڈیوز کے ریکومینڈیشن الگورتھم کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا گیا۔
کمپنی کی جانب سے چھوٹے اکاؤنٹس کے مواد کو زیادہ تقسیم کرنے کے حوالے سے ریلز رینکنگ میں تبدیلیاں لانے کا بھی اعلان کیا گیا۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے رینکنگ سسٹم کو درست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کم فالوورز والے اکاؤنٹس کو اپنا مواد زیادہ افراد تک پہنچانے میں مدد ملے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ابھی زیادہ مقبول صارفین کی جانب سے دیگر افراد کے مواد کو پوسٹ کیا جاتا ہے اور ان کی ویڈیوز کو زیادہ افراد تک رسائی ملتی ہے، جبکہ اوریجنل مواد تیار کرنے والے چھوٹے اکاؤنٹس پیچھے رہ جاتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہر صارف کو یکساں موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ تو ابھی واضح نہیں کہ انسٹاگرام کی جانب سے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے الگورتھم میں کیا تبدیلیاں کی جائیں گی مگر یہ واضح ہے کہ الگورتھم کی جانب سے زیادہ فالوورز والے اکاؤنٹس کو اب ترجیح نہیں دی جائے گی۔
بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ اہل مواد کو زیادہ افراد تک پہنچایا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق الگورتھم میں تبدیلیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور آئندہ چند ماہ تک اسے مکمل کرلیا جائے گا۔
دوسرے صارفین کی ریلز کو دوبارہ پوسٹ کرنے والے اکاؤنٹس کے مواد پر ایک لیبل بھی لگایا جائے گا جس میں اسے تیار کرنے والے صارف کو ٹیگ کیا جائے گا۔
جو اکاونٹس ایک مہینے کے دوران 10 یا اسے زائد بار ویڈیوز کو ری پوسٹ کریں گے، ان کے مواد کو بتدریج ریکومینڈ کرنا بند دیا جائے گا۔
فی الحال یہ تبدیلیاں ریلز ویڈیوز کے لیے کی جا رہی ہیں اور دیگر پوسٹس پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
ان تبدیلیوں یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے فالوورز کی تعداد کی اہمیت کو کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔