ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کو پانچویں ٹی ٹوئنٹی میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان ویمنز نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ پر 134 رنز بنائے۔
سدرا امین نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ منیبہ علی 25 اور عائشہ ظفر نے 22 رنز بنائے۔اس کے علاوہ رامین شمیم 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
ویسٹ انڈیز کی افے فلیچر 3 اور قیانا جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کا 135 رنز کا ہدف ویسٹ انڈیز ویمنز نے با آسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 19 ویں اوور میں پورا کرلیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے کپتان ہیلی میتھیوز نے 78 رنز کی اننگز کھیلی، راشادا ولیمز نے 16 رنز بنائے جبکہ شیمین کیمبل نے 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی نشرہ سندھو اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
سیریز کا آخری میچ جیتنے کے سارتھ ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم نے 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔