چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلیے پاکستان تاحال کوئی پلان ’’بی‘‘ تیار نہ کر سکا

eAwazکھیل

کراچی: چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان نے کوئی پلان بی تیار نہیں کیا۔

چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس کے اوائل میں ہونا ہے، پاکستان طویل عرصے بعد کسی عالمی ایونٹ کی میزبانی کرے گا، ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی شمولیت پر سوالیہ نشان لگے نظر آتے ہیں، بعض حلقے ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل اپنانے کی باتیں بھی کرنے لگے، البتہ پی سی بی اپنے موقف پر ڈٹ گیا کہ مقابلوں کا انعقاد صرف پاکستان میں ہی ہوگا، چیئرمین محسن نقوی نے بھی ایک سے زائد بار یہ بات دہرائی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایونٹ کیلییے پاکستان نے کوئی پلان بی تیار نہیں کیا، فارمیٹ دیکھتے ہوئے ہائبرڈ ماڈل اپنانا بھی بہت مشکل ہوگا، ایشیا کپ میں بھی یہ طریقہ اتنا کامیاب ثابت نہیں ہوا اور اب تک پی سی بی کا مالی معاملات پر شریک میزبان سری لنکا اور اے سی سی سے تنازع حل نہیں ہو سکا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ یو اے ای سے شریک میزبانی کے حوالے سے پاکستان نے کوئی رابطہ نہیں کیا، حکام کو یقین ہے کہ بھارتی ٹیم اپنے میچز کھیلنے آئے گی۔ مجوزہ شیڈول میں اس کے میچز صرف ایک وینیو لاہور میں ہی رکھے گئے ہیں۔ دوسری جانب کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن دسمبر تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ڈیزائن کے حوالے سے پی سی بی نے ایک غیرملکی کمپنی کی خدمات حاصل کر لیں، اسے ماضی میں بھی کئی اسٹیڈیمز میں کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ابتدائی طور پر تیار کردہ ڈیزائن میں بورڈ نے بعض تبدیلیاں کرنے کا کہا ہے، حکام کو یقین ہے کہ تزئین و آرائش کے بعد ملکی وینیوز بالکل تبدیل ہو جائیں گے اور شائقین کو کرکٹ دیکھنے کا منفرد تجربہ حاصل ہوگا۔