وزیراعظم شہباز شریف کا غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم

eAwazآس پاس

وزیراعظم شہباز شریف نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری روکنے کے امور پر اسلام آباد میں اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز پر بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے۔

وزارت توانائی نے وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات پر بھی اجلاس کو بریف کیا گیا۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا نے بجلی چوری کم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، وزیر اعظم نے علی امین گنڈاپور سے ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کو سراہا۔

وزارت توانائی نے مزید کہا کہ صرف خسارے میں چلنے والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے، بجلی چوری روکنا تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو گرمی میں ریلیف دیا جائے۔

واضح رہے کہ آج ہی یہ انکشاف ہوا تھا کہ ملک بھر میں بجلی کی طلب میں گزشتہ سال کے مقابلے رواں برس 5 ہزار میگاواٹ کی کمی کے باوجود بجلی کا شارٹ فال برقرار ہے، اس کے علاوہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

گزشتہ برس ان دنوں بجلی کی طلب 28 ہزار میگا واٹ تک تھی جبکہ اس سال مئی میں طلب کم ہوکر 23 ہزار میگاواٹ پر پہنچ چکی ہے، پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی طلب 23 ہزار میگاواٹ ہےجبکہ صرف 18 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔

طلب میں کمی کے باوجود بھی 4 ہزار میگاواٹ بجلی کا شارٹ فال برقرار ہے جس کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو ہے۔