سمندری غذاؤں، پھلوں، سبزیوں اور خشک میوہ جات میں پائی جانے والی خوراک اومیگا تھری سے غصہ، جارحیت اور ڈپریشن کم ہونے سمیت اس سے موڈ بہتر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق کے مطابق اومیگا تھری کے شخصیت کو بہتر بنانے کے متعدد فوائد ہوتے ہیں، یہ خوراک براہ راست انسانی اعصاب اور خون کو تقویت فراہم کرنے والے نظام پر ااچھے اثرات مرتب کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق تجزیے سے معلوم ہوا کہ اومیگا تھری کے کیپسول یا ادویات سے زیادہ فائدہ قدرتی خوراکوں میں موجود اومیگا تھری سے ہوتا ہے۔
اومیگا تھری کے اجزا تقریبا تمام اقسام کی مچھلیوں، دوسری سمندری جڑی بوٹیوں، سبزیوں، پھلوں اور خشک میوہ جات میں پائے جاتے ہیں۔
انہیں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز بھی کہا جاتا ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے انتہائی اہم جز ہے، اس خوراک کو دماغ، اعصاب، ہڈیوں، جذبات، احساسات اور دل کی بہتر کارکردگی کے لیے بہت ضروری قرار دیا جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جسم میں اومیگا تھری کی کمی ڈپریشن اور اضطراب کی علامات کو ظاہر کرتی ہے جبکہ اس کی مطلوبہ مقدار کا حصول جسمانی افعال کو منظم اور بہتر طور پر کام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اومیگا تھری کا حصول انتہائی آسان ہے اور انسانی جسم خود ہی مختلف خوراکوں سے اومیگا تھری کی مطلوبہ مقدار حاصل کرتا ہے، تاہم شرط یہ ہے کہ اس جز سے بھرپور غذاؤں کو اپنی غذا کا حصہ بنایا جائے۔
تازہ تحقیق کے مطابق اومیگا تھری فیٹی ایسڈز سے ڈپریشن اور بلڈ پریشر بھی قابو میں رہتا ہے، جس سے انسان میں جارحانہ رویہ ختم ہونے سمیت شخصیت بہتر ہوتی ہے۔
ماہرین نے تجویز دی کہ اومیگا تھری کا حصول قدرتی خوراکوں سے یقینی بنایا جائے تو بہتر ہے، دوسری صورت میں میڈیکل اسٹورز پر دستیاب اس کی ملٹی وٹامنز لیے جا سکتے ہیں،تاہم اس سے قبل ماہرین صحت سے مشورے کو یقینی بنایا جائے۔