ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے گروپ بی کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دے دی۔ انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا سکی۔
برج ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
آسٹریلیا نے رنز کا انبار لگادیا اور رواں ایونٹ میں پہلی مرتبہ 200 کا ہندسہ عبور کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 201 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بناسکی۔
انگلینڈ کے اوپنرز نے اننگ کا شاندار آغاز کیا اور اپنی ٹیم کو 77 رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی، فل سالٹ 37 اور کپتان جوز بٹلر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، دونوں پلیئرز کو ایڈم زیمپا نے آؤٹ کیا۔
اوپننگ بیٹرز کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، معین علی 25 ، ول جیکس 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کے کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زیمپا نے 2-2 جبکہ جوش ہیزلووڈ اور مارکوس اسٹوئنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار بالنگ پر ایڈم زیمپا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کینگروز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس میں بیٹنگ کے لیے آنے والے تمام ہی بیٹرز نے اپنا اپنا حصہ ڈالا۔
ڈیوڈ وارنر نے 39، مچل مارش نے 35، ٹریوس ہیڈ نے 34، مارکس اسٹوئنس نے 30، گلین میکسویل نے 28، میتھیو ویڈ نے 17 اور ٹم ڈیوڈ نے 11 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے دو وکٹیں لیں جبکہ معین علی، جوفرا آرچر، عادل رشید اور لیام لیونگسٹن نے ایک ایک آؤٹ کیا۔
یہ میچ انگلینڈ کے لیے انتہائی اہم تھا کہ کیوں کہ انگلینڈ نے ابھی تک ایونٹ میں اپنی جیت کا کھاتہ نہیں کھولا۔
انگلینڈ کا اسکاٹ لینڈ کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ آسٹریلیا نے اپنے پہلے میچ میں عمان کو باآسانی شکست دی تھی۔