ملر کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے نیدرلینڈز کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

eAwazکھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 16ویں میچ میں جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر نیدرلینڈز کی جیت کے درمیان آگئے اور اپنی ٹیم کو 4 وکٹوں سے فتح یاب کروادیا۔

نیدرلینڈز کا 104 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ نے 19ویں اوور میں حاصل کیا، ڈیوڈ ملر نے 59 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو اہم جیت دلوائی۔

نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے گروپ ڈی کے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی بولنگ لائن کے سامنے نیدرلینڈز کے بیٹرز کی ایک نہ چلی۔ سیبرینڈ اینگلبریخت کے 40 اور لوگان وین بیک کے 23 رنز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردی نہیں دکھا سکا۔

پروٹیاز کی طرف سے اوٹنیل بارٹمن 11 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ اینرک نورکیا نے 19 رنز دے کر 2 جبکہ مارکو یانسن نے 20 رنز دے پر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جہاں اسکے 4 کھلاڑی 12 رنز پر پویلین لوٹ گئے، ایسے میں پروٹیاز پر شکست کے بادل منڈلانے لگے۔

تاہم پانچویں وکٹ پر ٹرسٹین اسٹبز اور ڈیوڈ ملر کے درمیان 65 رنز کی پارٹنرشپ نے نیدرلینڈز کے ہاتھوں سے میچ چھین لیا۔

اسٹبز 33 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے جبکہ دوسرے اینڈ پر موجود ڈیوڈ ملر نے لاٹھی چارج شروع کردیا اور کسی بھی پریشانی میں پھنسنے سے قبل ہی اپنی ٹیم کو 19ویں اوور میں فتح کی لائن کے پار پہنچا دیا۔

نیدرلینڈز کی جانب سے ویویان کنگما اور لوگان وین بیک نے دو دو جبکہ باس ڈی لیڈا نے ایک وکٹ لی۔

جنوبی افریقہ نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ نیدرلینڈز نے نیپال کے خلاف کامیابی سمیٹی تھی۔