امریکی شہری کو قتل کرنے کی ناکام سازش میں بھارتی حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات پر امریکی سینیٹرز نے تشویش کا اظہار کردیا ہے۔
امریکی شہری کی قتل کی سازش کے معاملے پر 5 امریکی سینیٹرز نے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ کر امریکیوں کیخلاف جاری دھمکیوں کی رپورٹس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
خط میں امریکی سینیٹرز نے شہری کے قتل کی سازش میں ملوث تمام افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کا مطالبہ کیا۔
اپنے خط میں امریکی سینیٹرز نے کہا کہ بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ مجرمانہ طور پر ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے۔
خط میں امریکی وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا گیا کہ امریکا کو بین الاقوامی جبر کی مخالفت میں مضبوط اور پر عزم ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی منصوبہ بندی میں ملوث بھارتی کو امریکا کے حوالے کردیا گیا ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق بھارتی شہری نکھل گپتا پر امریکی شہری گرپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا الزام ہے، نکھل گپتا کو امریکا کی درخواست پر چیک ری پبلک میں گزشتہ سال گرفتار کیا گیا تھا جسے اب امریکا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
امریکی پراسیکیوٹر نے نکھل گپتا پر امریکا میں 4 سکھ رہنماؤں کو قتل کرنے کی سازش کے الزامات عائد کیے تھے، الزامات درست ثابت ہونے کی صورت میں نکھل گپتا کو 20 سال قید ہو سکتی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق نکھل گپتا کو سکھ رہنماؤں کے قتل کی ہدایت بھارتی حکومت کے اہلکار نے دی تھی تاہم بھارتی حکومت نے امریکی الزام کی تردید کی ہے۔