حادثےکی شکار کشتیوں میں سوار تارکین وطن کا تعلق ایران، عراق، شام، مصر، پاکستان اور بنگلادیش سے ہے۔
اٹلی میں تارکین وطن کی 2 کشتیاں ڈوبنے کے واقعات میں 17 افراد ہلاک اور 60 سے زائد لاپتہ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق کشتیوں کا حادثہ اٹلی کی جنوبی ساحلی پٹی پر پیش آیا جہاں کشتیوں میں سوار ہو کر بڑی تعداد تارکین وطن اٹلی جانے کے خواہش مند تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے نتیجے میں 17 تارکین وطن ہلاک اور 60 سے زائد لاپتہ ہوگئے جن میں 26 بچے بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ حادثہ پیش آتے ہی ایک جرمن امدادی گروپ کے جہاز نے 51 تارکین وطن کو ریسکیو کیا۔
آرگنائزیشن فار مائیگریشن اور یونیسیف نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ حادثےکا شکار ہونے والی کشتیوں میں سوار افراد کا تعلق ایران، عراق، شام، مصر، پاکستان اور بنگلادیش سے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مزید تارکین وطن کو ریسکیو کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ ریسکیو کیے گئے تارکین وطن اطالوی کوسٹ گارڈکے حوالے کر دیے گئے ہیں۔