غیر ملکیوں کو محفوظ سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کر رہے ہیں: مریم نواز

eAwazپاکستان

وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز سے اسپین کے سفیر جوز انتونیو ڈی اوری نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران پنجاب اور اسپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلۂ خیال سمیت باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مریم نواز اور جوز انتونیو ڈی اوری نے ملاقات کے دوران انفرااسٹرکچر، قابلِ تجدید توانائی، لائیو اسٹاک اور زراعت میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی غور کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اسپین کے سفیر کو سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔
ہسپانوی سفیر کی جانب سے پنجاب میں اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، زراعت اور لائیو اسٹاک میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں، پاکستان اور اسپین کے تجارتی حجم میں اضافہ کا رحجان خوش آئند ہے۔