چینی شہریوں کے سکیورٹی پلان پر من وعن عمل درآمد کی ہدایت؛ وفاقی وزیر داخلہ

eAwazپاکستان

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی شہریوں کے سکیورٹی پلان پر من وعن عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں ہونے والے اجلاس میں غیر ملکیوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کےلیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں وزارت داخلہ سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے سکیورٹی پلان اور مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جب کہ اجلاس میں ملک میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں، سکیورٹی پلان پر کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں۔