آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقا کو جیت کیلئے 136 رنز کا ہدف دے دیا۔
تاہم میچ بارش کے باعث روکا گیا جس کے بعد جنوبی افریقا کا ہدف 136 سے 123 ہوگیا جو کے 17 اوورز میں مکمل کرنا ہوگا۔
سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے گروپ 2 کے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یہ میچ ناک آؤٹ میچ کی صورت اختیار کر گیا ہے، جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گی اور ہارنے والی ٹیم کا ایونٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔
ویسٹ انڈیز کی اننگز
جنوبی افریقا کی دعوت پر ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 52 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے۔
شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاوول ایک، ایک ، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، یانسن، مارکرم، مہاراج اور رباڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ گروپ 2 سے انگلینڈ نے امریکا کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ آج اس میچ کے بعد ہوجائے گا۔