محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش؛ پنجاب

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

لاہور: پنجاب میں محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران صوبے میں سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کی سفارش کی ہے جس کے لیے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو مراسلہ بھجوادیا گیا ہے۔

مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب میں 6 سے11محرم الحرام تک سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی سروسز معطل کی جائیں۔

مراسلے کے مطابق فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام ، یو ٹیوب، ٹوئٹر اور ٹک ٹاک کی سروسز معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے اس سلسلے سے چیئرمین پی ٹی اے، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جیز اسپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر پابندی کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔