عامر خان سے طلاق کے بعد خوش ہوں، سابقہ اہلیہ کرن راؤ

eAwazفن فنکار

ممبئی: بالی ووڈ فلم ‘لاپتہ لیڈیز’کی ہدایتکارہ کرن راؤ نے کہا ہے کہ وہ سُپر اسٹار عامر خان سے طلاق کے بعد خود کو تنہا نہیں بلکہ بہت خوش محسوس کرتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں کرن راؤ نے کہا کہ میں عامر خان سے اپنی طلاق کے فیصلے پر بہت زیادہ خوش اور مطمئن ہوں کیونکہ مجھے ہم دونوں کے خاندانوں کی حمایت حاصل ہے۔

کرن راؤ نے کہا کہ جب عامر خان میری زندگی میں شامل نہیں تھے تو میں اُس سے پہلے طویل عرصے تک سنگل رہی، میں اپنی آزادی کو انجوائے کرتی تھی، میں اُس وقت تنہا تھی لیکن میں اب طلاق کے باوجود بھی تنہا محسوس نہیں کرتی کیونکہ اب میرے پاس میرا بیٹا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میرے خیال میں تنہائی ہی وہ واحد چیز ہے جس کے بارے میں سوچ کر زیادہ تر لوگ پریشان ہوتے ہیں کیونکہ اُنہیں خوف ہوتا ہے کہ وہ طلاق کے بعد تنہا ہوجائیں گے لیکن میرے معاملے میں ایسا نہیں ہوا، میں نے طلاق کے بعد خود کو کبھی تنہا محسوس نہیں کیا اور اسی وجہ سے میرے لیے طلاق خوش آئند ثابت ہوئی۔

فلمساز نے کہا کہ عامر اور میرے لیے ہماری 15 سالہ شادی کو طلاق پر ختم کرنا آسان نہیں تھا، ہم دونوں کو طلاق کا فیصلہ لینے میں بہت وقت لگا۔

کرن راؤ نے کہا کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے کو اس بات پر اعتماد میں لیا کہ ہم طلاق کے بعد بھی دور نہیں ہوں گے اور ہمیشہ ایک دوسرے کے لیے موجود رہیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عامر خان اور میرا تعلق اتنا مضبوط اور گہرا ہے کہ ہمیں ہمارے رشتے کی وضاحت کے لیے کسی کاغذ کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ 1996 میں عامر خان نے رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا جنید خان اور بیٹی آئرا خان ہے لیکن شادی کے 16 سال بعد اس جوڑی کی طلاق ہوگئی تھی۔

رینا دتہ سے طلاق کے بعد عامر خان نے سال 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی جن سے اُن کا بیٹا آزاد خان ہے، اداکار کی دوسری شادی بھی نہ چل سکی اور 2021 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔