جماعت اسلامی کا مذاکرات کی کامیابی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

eAwazپاکستان

جماعت اسلامی نے حکومت سے مذاکرات کی کامیابی تک راولپنڈی میں مہنگی بجلی اور ٹیکس کے خلاف دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات کی دوسری بیٹھک آج ہو گی، حکومتی مذاکراتی کمیٹی جماعت اسلامی کو تکنیکی کمیٹی کے جائزے سے آگاہ کرے گی۔

گزشتہ روز حکومتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ کا کہنا تھا حکومتی ٹیم سے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی، مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے لیکن دھرنا بھی جاری رہے گا۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے زیادہ تر مطالبات بجلی سے متعلق ہیں، کوشش ہے اس مسئلے کو جلدی ختم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا عالمی منڈی میں قیمت کم ہوئی تو پیٹرولیم مصنوعات پر بھی ریلیف ملے گا۔

ادھر مظاہرین سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ماضی کی طرح مطالبات ٹالنے کی کوشش نہ کریں، ہمارا دھرنا تمام مطالبات مانے جانے پر ہی ختم ہو گا، یہ کنٹینر ہمارا راستہ نہیں روک سکتے، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ آئی پی پیز کا دھندا چلتا رہے لیکن ہم عوام کے لیے ریلیف لیکر ہی جائیں گے۔

یاد رہے کہ مری روڈ لیاقت باغ کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، دھرنے میں آج خواتین کا جلسہ ہوگا جس سےامیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان خطاب کریں گے۔