خلیل الرحمان قمر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیٹی کو سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا

eAwazفن فنکار

مصنف و ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے اور نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے بعد اب ان کی بیٹی حجاب خلیل کو سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا ہے۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر ان دنوں اپنے ساتھ ہونے والی واردات اور ویڈیو سامنے آنے کے باعث خبروں میں ہیں۔

ڈرامہ نگار کو ہنی ٹریپ کرکے تاوان مانگنے والے گینگ کے ماسٹر مائنڈ حسن شاہ کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے تاہم ملزمان نے خلیل الرحمان کی نازیبا ویڈیوز وائرل کردی ہیں ۔

خلیل الرحمان قمر کی بیٹی حجاب خلیل ٹک ٹاکر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں، والد کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد خلیل الرحمان قمر کی بیٹی حجاب خلیل کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا جارہا ہے۔

حجاب کے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے حجاب کی پوسٹ پر منفی تبصرے کرتے ہوئے نامناسب سوال کیے۔

ایک صارف نے حجاب سے طنزیہ سوال کیا کہ ’ آپ کے والد پر کیس چل رہا ہے اور آپ یہاں پیسے کما رہی ہیں؟ ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا خلیل الرحمان قمر کو واقعی کسی ڈاکٹر نے سورج سے بچنے کا مشورہ دیا تھا؟

کچھ صارفین نے حجاب سے والد کی رات گئے ہونے والی ملاقات کا سوال کیا تو کسی نے ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ان کے جذبات پوچھ ڈالے؟

پوسٹس پر کیے جانے والے منفی تبصروں کے بعد حجاب خلیل نے کمنٹس کا سیکشن محدود کردیا۔