امریکہ : کملا ہیرس نے اپنے مخالف ڈونلڈ ٹرمپ کو بزدل قرار دیا

eAwazآس پاس

امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اپنے مخالف ریپلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو بزدل قرار دیا ہے۔

پینسلوینیا میں اپنی انتخابی مہم کے دوران خطاب میں ٹرمپ کو بلاواسطہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کملا ہیرس نے کہا کہ 5 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کا مقابلہ بزدل امیدوار سے ہے جس کی سیاست کا محور مخالفین کو نیچا دکھانا ہے۔

اپنے خطاب میں کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ سالوں سے غلط روایت چل پڑی ہے کہ کسی لیڈر کی طاقت اور اہلیت کا اندازا اس بات سے لگایا جائے گا کہ اس نے کسے گرایا ہے جبکہ ہمیں پتا ہے کہ پرکھنے کا اصل معیار یہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر کو پرکھنے کا معیار یہ نہیں کہ اس نے کس کو گرایا یا نیچا دکھایا بلکہ اصل معیار یہ کہ آپ کے لیڈر نے کسے اٹھایا۔

کملا ہیرس نے براہ راست ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی شخص جو دوسروں کو نیچا دکھانے یا گرانے کی کوشش میں مصروف رہتا ہے وہ بزدل ہوتا ہے۔