اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کراس بارڈر رقوم کی منتقلی کے نظام ‘بونا راست’ کو کنکٹیوٹی کو اہم منصوبہ قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں بونا راست کے نفاذ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ بونا راست پاکستان اور عرب ممالک کے درمیان بڑا قدم ہے، بونا راست کنکٹیوٹی ایک اہم منصوبہ ہے جو پاکستانی شہریوں کو عرب ممالک سے ڈیجیٹل ادائیگی کی سہولت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بونا راست پاکستان کا پہلا کراس بارڈر رقوم کی منتقلی کا نظام ہے، اس منصوبے سے بیرون ملک پاکستانی مستفید ہوں گے اور منصوبے سے حوالہ اور ہنڈی کا خاتمہ کرنے میں مدد ملےگی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل نظام راست کو عرب مانیٹری فنڈ کے تحت بونا سے جوڑا جا رہاہے، منصوبے سے پاکستان کا رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا، بونا راست منصوبہ ترسیلات زر میں بھی اضافے کا سبب بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے تمام پاکستانی رقوم کی منتقلی شفاف اور مؤثر انداز میں محفوظ اور با آسانی کر سکیں گے اور منصوبے سے رقوم کی منتقلی کے غیر روایتی چینلزکا خاتمہ ہوگا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایف بی آر بڑی اصلاحات سے گزر رہا ہے، ایف بی آر میں اصلاحات کےلیے میلنڈا فاؤنڈیشن اور میکنزی تعاون کررہےہیں۔