بھارتی ریاست کولکتہ میں ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کی جائے وقوع سے سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی، ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے کولکتہ میں پیش آنے والے دلخراش واقعے، اجتماعی زیادتی اور قتل کیس کے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹج شیئر کی گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو جائے وقوع پر ایئر فون کے ساتھ دیکھا گیا ہے، ویڈیو میں ملزم کو ٹرینی ڈاکٹر کا پیچھا کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق کولکتہ کے اسپتال نے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کیس میں ملوث ملزم آدھی رات کو اسپتال میں داخل ہوا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں مشتبہ شخص کے گلے میں ایک بلیو ٹوتھ ایئر فون بھی دیکھا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران انہیں جائے وقوعہ، آر جی کار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل کے سیمینار ہال کے اندر خاتون کی لاش کے پاس سے ایک بلوٹوتھ ایئرفون بھی ملے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم سنجے رائے کو رات گئے اسپتال میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا، پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے ملزم کو سی سی ٹی وی شواہد دکھائے تھے جس کے بعد سنجے رائے نے جرم قبول کر لیا۔
کولکتہ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ ٹرینی ڈاکٹر کو زیادتی کا نشانہ بنانے والی رات کو وہ 2 کوٹھوں پر بھی گیا تھا، ملزم نے اپنے بیان میں اعتراف کیا ہے کہ وہ 8 اگست کی رات ریڈ لائٹ ایریا سوناگاچی گیا، شراب پی اور یکے بعد دیگرے 2 کوٹھوں پر گیا۔
اس کے بعد وہ آدھی رات کو اسپتال گیا، یہ وہ وقت تھا جب ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں سیمینار ہال میں داخل ہوتے اور نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جہاں مقتولہ ڈاکٹر آرام کی غرض سے گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کولکتہ کیس نے ملک بھر میں احتجاج، غم و غصے اور تشویش کو جنم دیا ہے، خصوصاً کولکتہ میں احتجاج دن بہ دن شدید ہوتا جا رہا ہے۔