ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : پاکستانی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثناء کریں گی

eAwazاردو خبریں

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتان کو تبدیل کر دیا گیا، اب فاطمہ ثناء ایونٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔

خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر فاطمہ ثناء کو 3 سے 20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء میں پاکستان کو گروپ اے میں آسٹریلیا، سری لنکا، بھارت اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نجیہہ علوی (وکٹ کیپر) بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی جبکہ رامین شمیم اور ام ہانی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ 22 سالہ فاطمہ اب تک 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔ وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت بھی کر چکی ہیں۔

انہوں نے دسمبر 2023ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول کے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کی تھی یہ میچ سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے۔