اسرائیل کی غزہ میں پولیو مہم کیلئے جنگ بندی کی خبروں کی تردید

eAwazآس پاس

اسرائیل نے غزہ میں پولیو مہم کے لیے جنگ بندی کی خبروں کی تردید کردی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم ہاؤس نے غزہ میں ویکسینیشن مہم سے متعلق بیان جاری کیا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم ہاؤس کا کہنا ہے کہ غزہ میں پولیو کے قطرے پلانے کے لیے جنگ بندی کی خبریں غلط ہیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم ہاؤس نے کہا ہے کہ اسرائیل صرف ویکسینیٹرز کے گزرنے کے لیے ایک انسانی راہداری کی اجازت دے گا، ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے گی جو چند گھنٹوں تک ویکسین کے لیے محفوظ ہوں گے۔

خیال رہے کہ غزہ میں چند روز پہلے ایک 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جو غزہ میں 25 سال بعد رپورٹ ہونے والا پہلا پولیو کیس ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کے 6 لاکھ 40 ہزار سے زیادہ بچوں کو پولیو ویکسینیشن کی ضرورت ہے۔