اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 32 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی، رقم خیبر پختونخوا میں سڑکوں کی بحالی کے لیے خرچ ہوگی۔
اے ڈی بی کے مطابق قرض سے دیہی علاقوں میں آل ویدر محفوظ رابطہ کاری میں اضافہ ہوگا اور 900 کلو میٹر سڑکوں کو اَپ گریڈ کیا جائے گا۔
یہ سڑکیں پسماندہ طبقات کو صحت اور تعلیم میں رابطوں کے لیے استعمال کی جائے گی، خیبرپختونخوا کی اس ترقی سے ملک کے دیگر حصوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا صوبے میں موسمیاتی تبدیلی نے بہت نقصان پہنچایا ہے، انفرا اسٹرکچر مسائل اور بیماریوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگی پر برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
منصوبے کے ذریعے فنانشل اور ٹیکنیکل معاونت فراہم کی جائے گی جبکہ حکومت کو لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے قابل بھی بنایا جائے گا، ٹھیکہ سسٹم میں بہتری لا کر روڈ مینٹیننس اور ٹورازم کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی۔