کراچی: ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کے مشتبہ کیسز میں اضافہ

eAwazصحت

پاکستان کے معاشی حب، سب سے بڑے شہر کراچی میں ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کے مشتبہ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 1394 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ان میں سے 1229 کیسز کراچی سے سامنے آئے ہیں۔

سندھ کے محکمۂ صحت کے مطابق سندھ بھر سے ملیریا کے 1 لاکھ 81 ہزار 589 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 88 ہزار 145 کیسز کراچی کے ہیں۔

جنرل فزیشن جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) ڈاکٹر فیصل جاوید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جناح اسپتال میں روزانہ ڈینگی، ملیریا اور چکن گونیا کی علامات والے 50 مریض آ رہے ہیں، چکن گونیا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل جاوید کے مطابق ڈینگی اور چکن گونیا کا مچھر صاف پانی میں پلتا ہے، ملیریا کا مچھر گندے پانی میں افزائش پاتا ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر عمران سرور نے کہا ہے کہ مہنگے ٹیسٹ کے سبب شہری چکن گونیا کی تشخیص کروانے سے قاصر ہیں۔

اس حوالے سے سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر درناز جمال کا کہنا ہے کہ بلڈ بینکس میں پلیٹیلیٹس کِٹس اور دیگر اسٹاک موجود ہے، پلیٹیلیٹس کی کمی کی کوئی شکایت نہیں مل رہی۔