دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان لبنان میں الیکٹرانک آلات کے ذریعے اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی مہم جوئی علاقائی امن کے لیے خطرہ ہے۔
عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے جواب طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان لبنان کی خود مختاری اور سلامتی کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے لبنانی حکومت و عوام سے بھرپور اظہارِ یک جہتی کرتے ہیں، غزہ میں اسکول پر اسرائیلی دہشت گرد حملے کی بھی مذمت کرتے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، گزشتہ سال اکتوبر سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیل سے جواب طلب کیا جانا چاہیے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات ناقابلِ قبول ہیں، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی اُمنگوں کے مطابق حل چاہتا ہے، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ روسی فیڈریشن کے نائب وزیرِ اعظم الیکسی اوورچک پاکستان کے دورے پر ہیں، گزشتہ روز انہوں نے نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی، دونوں فریقین نے پاک روس تعلقات کے بڑھتے مومینٹم پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں پر ان کی اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقاتیں ہوں گی۔