پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے؛ اے ڈی بی کی رپورٹ

eAwazآس پاس

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کی معیشت سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔

اے ڈی بی کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ رواں مالی سال پاکستانی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی اور میکرو اکنامک استحکام مثبت اعشاریے ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا ہے کہ مالی سال 2024ء میں پاکستان کی معاشی ترقی 2.4 فیصد ہونے کا امکان ہے جبکہ مالی سال 2025ء میں جی ڈی پی کی شرح 2.8 فیصد تک ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی ترقی اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا پالیسی کے تسلسل سےمشروط ہے، حکومتی اخراجات میں کمی اور نجی شعبے کو فروغ دینا بھی شرط ہوگی۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی شرح 2023ء تک 29.2 فیصد تک کی سطح پر تھی، 2024ء میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 23.4 فیصد تک رہ گئی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کا مزید کہنا ہے کہ مالی سال 2024ء کی پہلی ششماہی میں افراطِ زر زائد رہا اور دوسری ششماہی میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی، مہنگائی میں کمی اور دیگر مثبت اشاریوں سے شرحِ سود میں کمی ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منظم شرح سود، ایکسچینج ریٹ میں استحکام سے مہنگائی مزید کم ہونے کا امکان ہے، مالی سال 2025ء میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک کم ہونے کی توقع ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان کو تاحال قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کے لیے پیمنٹس کا مسئلہ رہے گا۔