ٹینس کے اسٹار کھلاڑی رافیل نڈال کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

eAwazکھیل

ٹینس کی دنیا کے نامور اسٹار اور کلے کورٹ کے کِنگ اسپین کے رافیل نڈال نے ٹینس کے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، نڈال آئندہ ماہ نومبر میں ڈیوس کپ کے بعد انٹرنیشنل ٹینس کو الوادع کہہ دیں گے۔

انٹرنیشنل ٹینس کے حلقوں میں رافا کے نام سے معروف 38 سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے اپنی ریٹائرمنٹ کی تصدیق سوشل میڈیا پر اپنے وڈیو پیغام میں کی، اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے شائقین کو بتانا چاہتے ہیں کہ اب وہ پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہورہے ہیں۔

نڈال نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ ان کے لیے کچھ برس مشکل رہے ہیں خاص طور پر آخری دو سال، وہ نہیں سمجھتے کہ اب وہ بھرپور ٹینس کھیل سکتے ہیں۔

نڈال اس سال نومبر میں آخری بار کورٹ میں دکھائی دیں گے جب وہ اسپین کی جانب سے مالاگا میں ہونے والے ڈیوس کپ میں شرکت کریں گے۔

نڈال نے اپنے کریئر کا آغاز 2001 میں 15 برس کی عمر میں کیا تھا، اس دوران انہوں نے 14 فرنچ اوپن سمیت 22 گرینڈ سلَیم ٹائٹل حاصل کیے، ان میں 4 یوا یس اوپن اور 2، 2 بار آسٹریلیئن اوپن اور ومبلڈن چیمپئن شپ بھی اپنے نام کی۔

بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے نڈال کلے کورٹ کے کِنگ کہلا تے تھے، نڈال نے 38 اے ٹی پی ماسٹرز ٹائٹل کے علاوہ 2008 میں اولمپک گولڈ میڈل اور چار بار اپنے ملک کے لیے ڈیوس کپ ٹائٹل بھی جیتا، وہ 209 ہفتے انٹرنیشنل ٹینس رینکنگ میں نمبر ون بھی رہے۔