ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر مہمان انگلینڈ نے پاکستان کے 366 رنز کے جواب میں 6 وکٹ پر 239 رنز بنالیے ہیں۔
پاکستان کوپہلی اننگ میں127رنزکی برتری حاصل ہے۔
انگلینڈکی جانب سے بین ڈکٹ 114 رنز بنا کر نمایاں رہے، جوروٹ 34، اولی پوپ 29 اور زیک کراولی27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ہیری بروک 9 اور کپتان بین اسٹوکس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں، نعمان علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پہلی اننگ میں پاکستانی ٹیم 366 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔
ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کو محمد رضوان کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جب وہ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد اب سلمان علی آغا 31 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
قومی ٹیم کو آٹھواں نقصان ساجد خان کی شکل میں اٹھانا پڑا، ساجد دو رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد عامر جمال 37 اور اور نعمان علی 32 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
گزشتہ روز قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنائے تھے، آج محمد رضوان نے 37 اور سلمان علی آغا نے 5 رنز کے ساتھ دوسرے دن کھیل کا آغاز کیا تھا۔
پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کی جانب سے عبداللہ شفیق7، سعود شکیل 4 اور کپتان شان مسعود 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ڈیبیو کرنے والے کامران غلام نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ صائم ایوب بھی 77 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔