آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو 32 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ویمنز ٹی20 ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 159 رنز کا ہدف دیا۔
نیوزی لینڈ کی ایمیلیا کیر 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ بروک ہیلی ڈے 38 اور سوزی بیٹس نے 32 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی نونکول لیکو ملبا نے 31 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
159 کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ کی قیادت میں اننگز کا اچھا آغاز ہوا، جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ 59 رنز پر گری جس کے بعد ٹیم کی کھلاڑیوں کی پویلین واپس جانے کی لائن لگ گئی اور 97 پر اس کی 6 کھلاڑی آؤٹ ہوگئیں۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 126 رنز تک محدود رہی اور یوں نیوزی لینڈ نے 32 رنز سے تاریخی فتح حاصل کرلی۔