پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا روز: انگلینڈ نے 3 وکٹوں پر 24 رنز بنا لیے، 53 رنز کا خسارہ باقی

eAwazکھیل

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنالیے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 53 رنز کی ضرورت ہے۔

قومی ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن اپنی اننگز تین وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز سے شروع کی۔ کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل نے 16، 16 رنز پر دوسرے دن کےکھیل کا آغاز کیا۔

قومی بیٹر سعود شکیل نے اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھی سنچری اسکور کی، انہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 19، کپتان شان مسعود 26، کامران غلام 3، محمد رضوان 25، سلمان علی آغا ایک ، عامر جمال 14 اور نعمان علی 46 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی نویں وکٹ سعود شکیل کی گری جو 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد زاہد محمود صفر پر پویلین لوٹ گئے اور یوں پوری ٹیم 344 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں 344 رنزبناکر حریف ٹیم پر 77 رنز کی برتری حاصل کی۔

پنڈی ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنائے۔

انگلینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کیلئے مزید 53رنز کی ضرورت ہے اور اُس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

نعمان علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

راولپنڈی میں کھیلے جارہے اس میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔