26 ویں ترمیم کی ہے، 126 ویں ترمیم بھی کرنی پڑی تو کریں گے؛ طلال چوہدری

eAwazپاکستان

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ 26 ویں ترمیم کی ہے، 126 ویں ترمیم بھی کرنی پڑی تو کریں گے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی حلف کی تقریب میں وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور سوا گھنٹے پہلے پہنچے ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے کبھی کہتے ہیں کہ ڈیل ہو گئی، اب کہتے ہیں کہ ٹرمپ جیتے گا تو ہمیں نکالے گا، پاکستان کے خلاف یہ لوگ لابنگ کرتے ہیں، یہ لوگ کانگریس سے خط لکھواتے ہیں۔

طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی استحکام مشکل سے قائم کیا گیا ہے، غریب کو سانس لینے کا موقع ملا ہے، ملک میں مہنگائی کم ہو گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف انویسٹمنٹ کے لیے جگہ جگہ جا رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ سعودی وفد کو روکنا چاہتے تھے، غریب کا چولہا جلنا شروع ہوا ہے، اسے ہم رکنے نہیں دیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو تکلیف کس بات کی ہے؟ یہ لوگ تحریک چلانے میں ناکام رہے ہیں، ان کے کرتوتوں پر کوئی ڈیل نہیں ہو گی۔