چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے؛ وفاقی وزیرِ داخلہ

eAwazپاکستان

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔

ملاقات میں محسن نقوی نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے 2 چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر اظہار افسوس کیا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیشرفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔

انہوں نے چین کے سفیر، حکومت اور زخمی چینی شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہم ترقی اور سیکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں۔

محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہےتاکہ چینی شہریوں کے لیے محفوظ و پُرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔