حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف کیریئر میں اہم سنگِ میل اپنے نام کر لیا

eAwazکھیل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں اپنے کیریئر میں اہم سنگِ میل اپنے نام کر لیا۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حارث رؤف نے 8 اوورز میں 29 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔

لاہور قلندرز کے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام سے ابھرنے والے حارث رؤف نے 30 اکتوبر 2020ء کو ون ڈے ڈیبیو کیا جس کے بعد سے انہوں نے 39 میچز میں 77 وکٹیں حاصل کی ہیں جو کہ اس عرصے (حارث کے ڈیبیو سے اب تک) میں کسی بھی فل ممبر ٹیم کے فاسٹ بولر کی سب سے زیادہ وکٹیں ہیں۔

اس دوران صرف عمان کے بلال خان 83 وکٹوں کے ساتھ حارث سے آگے ہیں۔ عمان آئی سی سی میں ایسوسی ایٹ ممبر ٹیم ہے۔

حارث کی یہ کارکردگی پاکستان کے کسی بھی بولر کے کیریئر کے ابتدائی 39 میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں بھی ہیں۔

آج ایڈیلیڈ میں 5 وکٹس لے کر انہوں نے اسپنر ثقلین مشتاق اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑا جو اپنے ابتدائی 39 میچوں میں 76، 76 وکٹیں حاصل کر چکے تھے۔

دنیا کے دیگر فاسٹ بولرز میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے 39 میچز میں 79 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ عمان کے بلال خان کی بھی 39 میچز میں 83 وکٹیں ہیں۔

نیپالی اسپنر سندیپ لمیچانے نے ابتدائی 39 ون ڈیز میں 93، افغانستان کے راشد خان نے 90 اور بھارت کے کلدیپ یادوو نے 77 وکٹیں حاصل کیں۔