چیمپئنز ٹرافی پر پی سی بی کا مؤقف قابلِ تعریف ہے: فاسٹ بولر محمد عامر

eAwazکھیل

پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے مؤقف کی تعریف کرنی چاہیے۔

محمد عامر نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کوئی ابھی پاکستان کو نہیں ملی، اس کا بہت پہلے فیصلہ ہو چکا تھا، پاکستان نے گراؤنڈز کی اپ گریڈیشن کے لیے بہت پیسہ لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ اتنا پیسہ لگائیں اور ایک ٹیم اٹھ کر نہ کھیلنے کا اعلان کر دے اور کہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہو جانا چاہیے، نہ کھیلنے اور ٹورنامنٹ ملتوی کرنے کے لیے کوئی وجہ بھی تو ہونی چاہیے۔

محمد عامر نے کہا کہ ابھی انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیمیں پاکستان میں کھیل کر گئی ہیں، انکار کے لیے آپ کو مضبوط وجوہات بیان کرنا پڑتی ہیں اور وجہ تو اس وقت کچھ بھی نہیں ہے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ اگر آپ نے اسے انا کا مسئلہ بنایا ہوا ہے تو وہ آپ کی ہونی چاہیے اور اس کو الگ رکھیں، اگر آپ کھیلنا چاہتے ہیں تو کھیلیں، پاکستان کی میزبانی بڑی اچھی ہوتی ہے۔

محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ میں قصور وار آئی سی سی کو قرار دوں گا، یہ سب کچھ ان کی وجہ سے ہوا ہے، اگر کوئی نہیں کھیلنا چاہتا تو اس کی جگہ کوئی اور ٹیم شامل کر لیں، ٹورنامنٹ کرائیں۔