Pakistan defeated Zimbabwe in the first T20

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دے دی

eAwazکھیل

پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر پہلا ٹی ٹوئنٹی جیت لیا، 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

بلاوائیو میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کے خلاف پاکستان نے 4 وکٹوں پر مقررہ 20 اوورز میں 165 رنز بنا کر زمبابوے کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا، جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15 اعشاریہ 3 اوور میں 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

زمبابوے کے تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کے ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ حارث رؤف 2 اور جہانداد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب اوپنر عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو سنبھالا، اور 57 کے اسکور پر صائم ایوب بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 24 رنز بنائے۔

پاکستان کو تیسرا نقصان عثمان خان کی وکٹ کا اٹھانا پڑا جب وہ 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 91 کے اسکور پر 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے انہوں نے اپنی اننگ میں 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔

پاکستان کے کپتان سلمان آغا 14 ویں اوور کی دوسری گیند پر 100 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے انہوں نے اپنی اننگ میں 19 گیندوں پر 13 رنز بنائے۔

طیب طاہر اور عرفان خان نے شاندار ناقابل شکست اننگ کھیل کر 65 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کا اسکور 165 رنز تک پہنچایا، طیب طاہر نے 39 اور عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔

زمبابوے کے سکندر رضا اور رچرڈ گراوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ویلنگٹن مساکا ڈزا اور ریان برل نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیتنا چاہتے ہیں۔

زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ پہلے بیٹنگ ہو یا بولنگ کوئی بات نہیں۔

پاکستان کی پلیئنگ
کپتان سلمان آغا، صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد اور سفیان مقیم پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ ہیں۔