جی میل میں ایک دلچسپ فیچر صارفین کیلیے متعارف

eAwazسائنس و ٹیکنالوجی

جی میل دنیا کی مقبول ترین ای میل سروس ہے اور اس میں اکثر صارفین کسی کانٹیکٹ کو غلط ایڈریس فیلڈ میں ڈال دیتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جی میل کے اینڈرائیڈ ورژن کے لیے گوگل نے ایک دلچسپ فیچر متعارف کرایا ہے۔

درحقیقت یہ فیچر واقعی صارفین کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا اور کمپنی کے اعلان کے بعد حیرت ہوتی ہے کہ اب تک یہ اس ای میل سروس میں دستیاب نہیں تھا۔

گوگل ورک اسپیس کے آفیشل بلاگ پوسٹ میں اس فیچر کا اعلان کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق اینڈرائیڈ پر جی میل ایپ میں آپ نے کسی کانٹیکٹ کو غلط ایڈریس فیلڈ میں ٹائپ کر دیا ہے تو اسے ڈیلیٹ اور دوبارہ انٹر کرنے کی ضرورت نہیں۔

یعنی اگر آپ نے To میں وہ ایڈریس ڈال دیا ہے جو سی سی یا بی سی سی میں ہونا چاہیے تو اسے ڈیلیٹ کرکے دوبارہ ٹائپ نہ کریں۔

اس کی بجائے آپ اس کانٹیکٹ کو انگلی سے ڈریگ کرکے نیچے سی سی یا بی سی سی میں منتقل کرسکتے ہیں یا سی سی میں موجود کانٹیکٹ کو To میں لے جا سکتے ہیں۔

یہ فیچر ورک اسپیس کے صارفین کا سبسکرائبرز تک محدود نہیں بلکہ یہ جی میل کے تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اگر یہ فیچر آپ کو ابھی تک دستیاب نہیں تو فکر مت کریں بہت جلد آپ اسے استعمال کرسکیں گے۔

کمپنی کے مطابق اس فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور 15 دن تک اندر یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

اس سے قبل گوگل کی جانب سے سرچ رزلٹ سورٹنگ فیچر جی میل کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس فیچر سے صارفین موسٹ ریسنٹ ی موسٹ ریلیونٹ فلٹرز سے سرچ کرسکتے ہیں۔