لبنان: جنگ بندی کی متعدد خلاف ورزیوں کے جواب میں حزب اللہ کا اسرائیل پر حملہ

eAwazآس پاس

لبنان: اسرائیلی فوج کی جانب سے جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا۔

سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کی جانب سے کہا گیا ہے اس نے اسرائیلی خلاف ورزیوں کے جواب میں تنبیہہ کے طور پر کفر شوبا میں اسرائیلی فوجی اڈے پر دفاعی حملہ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 27 نومبر سے شروع ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے لبنان پر 20 سے زائد حملے کیے جاچکے ہیں جن میں لبنانی شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم اب پہلی مرتبہ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی خلاف ورزیوں کا جواب دیا گیا ہے جس کے بعد جنگ بندی کے برقرار رہنے پر سوال کھڑا ہوگیا ہے۔

حزب اللہ نے اپنے بیان میں اسرائیل کی جانب سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کا بھی ذکر کیا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ اتھارٹی اسرائیلی حملوں کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

خیال رہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت ایک بین الاقوامی کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی تھی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ دونوں جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کی جائے۔