ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ غذائیں (جیسے کے ناشتے میں کھایا جانے والا سیریل اور تیار شدہ کھانے) زانوں پر چکنائی کے جمع ہونے سے تعلق رکھتی ہیں، قطع نظر اس سے کہ کتنی مقدار میں کیلوریز لی جا رہی ہیں۔
یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سان فرانسسکو میں کی جانے والی تحقیق میں یہ بھی معلوم ہوا کہ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں سے بھرپور ڈائٹ پٹھوں کے معیار کو ورزش کے باوجود متاثر کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق زانوں کے پٹھوں میں چکنائی کی زیادہ مقدار گھٹنوں میں آسٹیو آرتھرائٹس کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔
جامعہ کے ریڈیو لوجی ڈیپارٹمنٹ کی محقق اور تحقیق کی مصنفہ زہرا اکایا کا کہنا تھا کہ اس تحقیق کے منفرد ہونے کی وجہ اس میں ڈائٹ کے معیار کے اثرات کی تحقیق کیا جانا ہے، بالخصوص زانوں کے پٹھوں میں چکنائی سے متعلقہ الٹرا پروسیسڈ غذاؤں کا کردار ہے جس کا ایم آر آئی کے ذریعے معائنہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایمیجنگ تحقیق ہے جس میں ایم آر آئی پر مبنی اسکیلیٹل مسل کوالٹی اور غذا کے معیار کے درمیان تعلق کو دیکھا گیا ہے۔
الٹرا پروسیسڈ غذائیں (جن میں فروزن پیزا، سوڈا ڈرنکس اور مارجرین وغیرہ شامل ہوتے ہیں) طویل میعاد رکھتی ہیں اور لوگوں کو اپنی جانب کھینچتی ہیں، کیوں کہ ان کا استعمال آسان ہوتا ہے۔ جبکہ ان غذاؤں میں چینی، چکنائی، نمک اور کاربوہائیڈریٹس کا مرکب موجود ہوتا ہے۔