انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میں منفرد سنگ میل عبور کرلیا۔
سن1877 کو پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والی انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر 5 لاکھ رنز مکمل کرلیے ہیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی دنیا کی پہلی کرکٹ ٹیم ہے۔
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 5 لاکھ رنز مکمل کرنے کے لیے 147 سال، ایک ہزار 82 میچز لگے، اس دوران 717 کرکٹرز نے انگلش ٹیم کے لیے یہ رنز اسکور کیے۔
انگلش کرکٹ ٹیم نے یہ سنگ میل ہفتے کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں اس وقت عبور کیا جب دوسری اننگز میں کے 51 ویں اوور میں بیٹر ہیری بروک نے کیوی بولر ولیمز کے خلاف دو رنز لیے۔
واضح رہے کہ انگلش ٹیم سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز (1082) کھیلنے والی ٹیم ہے۔
اس فہرست میں دوسرا نمبر آسٹریلوی ٹیم کا ہے جس نے 1877 سے اب تک 868 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بھی انگلینڈ کے پاس ہے، جس کے بیٹرز نے اب تک اس فارمیٹ میں 929 سنچریاں اسکور کی ہیں۔
علاوہ ازیں ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹیم کے مجموعی اسکور کی فہرست میں دوسرا نمبر آسٹریلیا کا ہے جس نےاب تک ٹیسٹ کرکٹ میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 28 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔