جنوبی کوریا کے کمانڈر کی مارشل لا کے نفاذ پر معافی، خود کو نااہل قرار دیدیا

eAwazورلڈ

سیئول: جنوبی کوریا کے کمانڈر نے مارشل لا کے نفاذ پر معافی مانگتے ہوئے خود کو نااہل قرار دیدیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی اسپیشل فورس کے کمانڈر نے مارشل لا کی رات پارلیمنٹ پر دھاوا بولنے پرعوام سے معافی مانگی اور خود کو نااہل قرار دیا۔

اسپیشل فورس کے کمانڈر کرنل کِم ہیون نے کہا کہ اس رات انہوں نے خود کو بہت بڑے خطرے میں ڈالا جس پر وہ اپنے آپ کو ایک نااہل اور غیر ذمہ دار کمانڈر سمجھتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہی صدر کے حکم کے بعد فورسز کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی پر چڑھائی کردیں۔

کرنل کِم کا کہنا تھا کہ میں نے قومی اسمبلی پر فورسز کی تعیناتی کے احکامات دیے اور میں ہی وہاں ہیلی کاپٹر پر پہنچنے والا پہلا کمانڈر تھا، میں نے فوجی دستوں کو عمارت سیل کرنے کے احکامات دیے جس پر فوجی دستے زبردستی عمارت میں گھسے، اس دوران عمارت کے شیشے بھی ٹوٹے۔

اسپیشل فورس کے کمانڈر نے ملک کے سابق وزیر دفاع پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مارشل لا کی رات فوجیوں کو غلط طریقے سے استعمال کیا۔