سوڈان: فوج اور مخالف ملیشیا کے حملوں میں 176 افراد ہلاک

eAwazآس پاس

سوڈان میں 2 روز کے دوران فوج اور اس کی مخالف نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی جانب سے بڑے پیمانے پر حملوں میں کم از کم 176 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے علاقے اومدرمان میں منگل کے روز نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے دستوں کی گولہ باری میں کم از کم 65 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے، یہ حملہ شمالی دارفور کے قصبے کبکابیہ کے ایک بازار پر فوج کے فضائی حملے کے ایک دن بعد ہوا ہے، اس بازار پر حملے میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

خرطوم کے گورنر احمد عثمان حمزہ کا کہنا ہے کہ مسافر بس پر ایک ہی شیل لگنے سے اس میں سوار تمام افراد ہلاک اور 22 افراد کے جسم کے ٹکڑے ہوگئے، انہوں نے حملے کی وجہ نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کی ’دہشت گرد ملیشیا‘ کو قرار دیا جو اپریل 2023 سے فوج کے ساتھ جنگ کر رہی ہے۔