سانحہ اے پی ایس نے قوم کو دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کیا؛ بلاول بھٹو زرداری

eAwazپاکستان

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول ( اے پی ایس) نے قوم کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کیا۔

سانحہ اے پی ایس پشاور کی برسی پر پیغام میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی اور آنے والی نسلوں کو محفوظ بنائے گی۔ اے پی ایس سانحہ ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ شہید طلبہ اور اسٹاف ممبرز کے اہل خانہ کے حوصلے اور بہادری کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔ انتہا پسندی کے بنیادی اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔ دہشتگردی کے خاتمے اور ملک بھر میں رواداری، تعلیم اور امن کو فروغ دینے کے لیے پیپلز پارٹی پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیے آج اس افسوسناک دن کی برسی پر دہشتگردی سے پاک پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا عہد کریں۔ ایک ایسا پاکستان جہاں ہر بچہ بلا خوف و خطر خواب دیکھ سکے اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکے۔