بانی پی ٹی آئی کو 14سال قید کی سزا ہوسکتی ہے؛ شیر افضل مروت

eAwazپاکستان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پیر کے روز 190ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی کو 14سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کچھ پاکستانی کمپنیوں پر امریکی پابندیوں کی حمایت میں پی ٹی آئی یو ایس اے کے ترجمان سجاد برکی کی پوسٹ سے لاتعلقی ظاہر کی۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ سجاد برکی پی ٹی آئی کے باضابطہ عہدے دار نہیں ہیں، ہر شخص خود ساختہ ترجمان بن جاتا ہے، سب سے سنگین مسئلہ یہ ہے کہ کسی حکومتی ادارے پر اس طرح کی پابندی لگی، ہم پاکستان کی سالمیت، بقا اور ترقی کیلئے ایک ہیں، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی پابندیوں کو ہٹایا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے، ہمارے حقوق متاثر ہوئے ہیں، ہم مطالبات تو کرتے رہے ہیں، مطالبات پر تو آپ پابندی نہیں لگا سکتے، پہلا مرحلہ ہے کہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھا جائے ، سب سے اہم ہے فریقین کا خلوص دل سے مسائل سے نکلنے کیلئے ٹیبل پر بیٹھنا۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ حنیف عباسی نے جو زبان استعمال کی وہ انہیں نہیں کرنی چاہیے تھی۔