وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں اس بات کا افسوس ہے کہ ہم نے مہنگائی کا بہت بڑا بوجھ عوام کے کاندھوں پر ڈالا حالانکہ ہم اس کے ذمہ دار نہیں تھے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسحٰق ڈار نے آج وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالا ہے، میں اپنی اور تمام کابینہ اراکین کی جانب سے اسحٰق ڈار کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اسحٰق ڈار ایک تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، ہم سب ان کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں، انہوں نے ماضی میں بھی وزارت خزانہ کا قلمدان کامیابی سے سنبھالا ہے، ہم سب کی دعا ہے کہ اللہ انہیں کامیابی عطا فرمائے اور اس مخلوط حکومت کو اسحٰق ڈار کی شمولیت سے مدد ملے۔
زیر اعظم نے کہا کہ مفتاح اسمٰعیل نے بہت محنت اور عرق ریزی سے کام کیا اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہمیں اس بات کا افسوس ہے کہ مہنگائی کا بہت بڑا بوجھ ہم نے عوام کے کاندھوں پر ڈالا حالانکہ ہم اس کے ذمہ دار نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ اس کابینہ کے تعاون اور مفتاح اسمٰعیل کی بھرپور محنت کے ساتھ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو بحال کیا گیا اور منطقی انجام تک پہچایا، کابینہ کے تمام اراکین کو مفتاح اسمعٰیل کی خدمات کا اعتراف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سمرقند کے ایس سی او اجلاس میں ہم نے شرکت کی، یہ ایک کامیاب دورہ تھا جہاں تمام عالمی رہنماؤں سے ہم نے بالمشافہ بھی ملاقات کی، کانفرنس میں بھی پاکستان کی بہترین نمائندگی ہوئی۔