بھارت کی متعدد ریاستوں میں فوج میں بھرتیوں کے نئے نظام کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی ریاست لکھنؤ میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
احتجاجی مظاہروں میں شدّت کے باعث حکام نے ضلع میں موبائل فونز اور انٹرینٹ کی سروس معطل کردی۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی فوج میں بھرتی کے نئے نظام میں نوجوانوں کو صرف چار سال کیلئے بھرتی کیا جائے گا جب کہ نئے بھرتی ہونے والوں میں سے صرف ایک چوتھائی کو نوجوانوں کو ہی طویل مدت کیلئے فوج میں رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ منگل کے روز بھارت نے ’اگنی پتھ‘ پروگرام متعارف کرایا تھا جس کے تحت فوج میں بھرتی کے خواہش مند 17.5 سے 21 سال تک کے امیدواروں میں سے ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں کو 4 سال کیلئے بھرتی کیا جائے گا جبکہ ان میں سے صرف 25 فیصد کو مستقل رکھا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے یہ قدم لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روزگار فراہم کرنے اور پنشن اخراجات کو کم کرنے کیلئے اٹھایا ہے۔