Bilawal Bhutto Zardari

پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے، بلاول بھٹوزرداری

eAwazآس پاس

وفاقی وزیر برائے خارجہ اُمور بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ متاثرہ چینی فیملیز کے ساتھ پوری قوم اظہار افسوس کرتی ہے، پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی باشندوں کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ جامعہ کراچی میں گزشتہ دنوں چینی اساتذہ حملے میں مارے گئے، دہشتگردی کا واقعہ کراچی میں ہوا، کراچی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلوچ بھائیوں کے حقوق کو بہانا بنا کر دہشت گردی کا واقعہ ہوا، چینی باشندے ہمارے مہمان ہیں، ہر ممکن سہولت دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئی پاکستانی یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتا کہ مہمانوں کے ساتھ دہشت گردی کا واقعہ ہو، عوام نے خود دہشت گردی کو دیکھا ہے، پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام نے دہشت گردی دیکھی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ مذہب کےنام پر شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام نے دہشت گردی دیکھی ہے۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ چینی اساتذہ پر حملہ پاکستان اور چین کی دوستی پر ہوا ہے، پاکستان اور چین کےعوام کی دوستی سے سب واقف ہیں، پاک چین دوستی پاکستان اور چین کی ریاست کے ساتھ پاک چین عوام کے درمیان بھی ہے، پاک چین دوستی ریاست اور عوام کی سطح پر ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، ماضی میں ہم نے دیکھا مذہب کے نام پر شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، ان دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے بھی ان شا اللّٰہ کامیاب ہوں گے۔

وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی بھی اپنے مہمانوں پر دہشت گرد حملوں کو برداشت نہیں کرسکتا، جامعہ کراچی میں دہشت گرد حملے میں ملوث عناصر کو سخت سے سخت سزا دیں گے، پاکستانیوں اور چینی باشندوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے انہیں عبرت کا نشانہ بنائیں گے۔