عمران خان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کوکہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ارکان پارلیمنٹ سے مستعفی ہوچکے ہیں، پی ٹی آئی کے نام سے کسی رکن کو اپوزیشن لیڈر یا کمیٹی کا رکن نامزد نہ کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے مراسلہ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ کسی بھی فورم پر پی ٹی آئی کا نام استعمال کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
مراسلے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، وفاق اور صوبوں میں پاکستان تحریک انصاف نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کیے، اسی تناسب سے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں ہر خواتین اور اقلیت ارکان کو نامزد کیا گیا۔
راسلے میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ غیر ملکی سازش کے باعث پاکستان میں حکومت تبدیل کی گئی، امپورٹڈ اور غیر آئینی طریقے سے بنائی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا، پی ٹی آئی 11 اپریل کو قومی اسمبلی کی تمام نشستوں سے مستعفیٰ ہوچکی ہے، منحرف اراکین کے خلاف آرٹیکل 63 اے کے تحت کاروائی کے لیے ریفرنسز دائر کیے جا چکے ہیں۔
مراسلے میں عمران خان کی جانب سے کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے مخصوص نشستوں پر خواتین اور اقلیتی اراکین کے نام واپس لیتا ہوں، ان ارکان کے کسی عمل کے لیے پارٹی ذمہ دار نہیں ہوگی۔
نیوز سورس ڈان نیوز