بھارتی عدالت نے احمد آباد دھماکوں کے کیس میں 38 ملزمان کو سزائے موت اور 11 کو عمر قید سنادی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گجرات کی اسپیشل کورٹ نے 26 جولائی 2008 کو احمد آباد میں ہونے والے بم دھماکوں کے کیس کا فیصلہ سنایا۔
ان دھماکوں میں 56 افراد ہلاک اور 200 کے قریب زخمی ہوئے تھے جب کہ عدالت نے اس کیس میں 49 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی اور 28 کو بری کیا گیا تھا۔
گجرات کی اسپیشل کورٹ نے جمعہ کے روز کیس پر فیصلہ سناتے ہوئے نامزد 49 ملزمان میں سے 38 کو سزائے موت اور 11 کو عمر قید دی۔
کیس کی سماعت کے دوران تمام ملزمان کی عدالت میں ورچوئل پیشی ہوئی جب کہ گجرات ہائیکورٹ نے عدالت کے اس فیصلے کی توثیق کی ہے۔
گجرات کی اسپیشل کورٹ نے گزشتہ سال کیس میں 77 ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ کیس میں نامزد ملزمان ایک کالعدم تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اور یہ تنظیم دھماکوں میں ملوث تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد بم دھماکوں کے بعد مختلف کارروائیوں میں بم بھی برآمد کیے گئے تھے اور 35 سے زائد مقدمات درج کیے گئے۔