نئی دہلی: بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرکوحادثہ راستہ بھٹکنے کے باعث پیش آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی چیف آف ڈیفنس بپن راوت کے ہیلی کاپٹرتباہ ہونے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی جس میں پائلٹ کی غلطی اورخراب موسم کوحادثے کی وجہ قراردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں تکنیکی خرابی، سازش یا غفلت کو مسترد کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تامل ناڈو میں موسم اچانک تبدیل ہونے سے ہیلی کاپٹر بادلوں میں داخل ہوا اور پھر تباہ ہو گیا۔بھارتی وزارت دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ موسم تبدیل ہونے کی وجہ سے پائلٹ راستہ بھٹک گیا اور اپنی سمت درست نہیں رکھ پایا۔ اس طرح کے حادثاث میں پائلٹ اور عملے کو آخر وقت تک خطرے کا اندازہ نہیں ہوتا کیونکہ وہ غلط سمت میں جا چکے ہوتے ہیں۔
گزشتہ سال 8 دسمبرکو تامل ناڈو میں کُنور کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔