اسلام آباد: وزیراعظم اور بل گیٹس سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں عمران خان نے بل گیٹس کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کوششوں سے آگاہ کیا۔ بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم کی تعریف کی۔وزیراعظم عمران خان سے بل گیٹس کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعظم نے پولیو خاتمے کے لیے بل اینڈ ملینڈا گیٹس کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کوششوں سے آگاہ بھی کیا۔ وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی، ملک میں رواں سال پولیو وائرس کا ایک کیس رپورٹ ہوا، حکومت ملک میں پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔بل گیٹس نے پولیو کے خلاف کوششوں پر وزیراعظم کی تعریف کی اور تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ بچوں کے تحفظ اور پولیو کے خاتمے کے لیے پروگرام جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، افغانستان کو مالی امداد کی اشد ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔